ابنا: عراق ميں منگل کو بھي فوج اور عوامي رضاکارفورس کے مشترکہ آپريشن ميں درجنوں دہشتگرد ہلاک ہوئے ہيں - اسي کے ساتھ رپورٹوں ميں بتايا گيا ہے کہ داعش کے دہشتگردوں نےموصل ميں لوگوں کے گھروں ميں بم نصب کرديئے ہيں اور وہ بے گناہ عوام اور بچوں سے انساني ڈھال کے طور پر کام لے رہے ہيں -
عراقي ذرائع کے مطابق سامرا کے مضافاتي علاقے دہشتگردوں سے آزاد کرالئے گئے ہيں-
اس آپريشن ميں داعش کے چاليس سے زائد دہشتگرد مارے گئے -
اس رپورٹ ميں بتايا گيا ہے کہ شام کي سرحد کے قريب الوليد نامي گذرگاہ بھي داعش سے آزاد کرالي گئي ہے –
عراقي فوج کے ترجمان قاسم عطا نے بتايا ہے کہ داعش کے دہشتگردوں نے تکريت کے مشرق ميں واقع بيجي آئل ريفائنري پر قبضہ کرنے کي کئ بار کوشش کي ليکن کامياب نہ ہو سکے-
انہوں نے بتايا کہ بيجي آئل ريفائنري پر داعش کے تازہ حملے کو بھي پسپا کرديا گيا ہے جس ميں اس دہشتگرد گروہ کے درجنوں افراد ہلاک اور نو فوجي گاڑياں تباہ کردي گئي ہيں-
دوسري طرف بابل کے صوبائي حکام نے بتايا ہے کہ القاعدہ کے ستتر اراکين حلہ کي مرکزي جيل سے ذيقار منتقل کئے جارہے تھے کہ ايک حملے ميں مارے گئے -
اس رپورٹ کے مطابق ہلاک ہونے والوں ميں القاعدہ کے کئي سرکردہ کمانڈر بھي شامل ہيں -
ادھر صوبہ ديالہ سے موصولہ ايک رپورٹ ميں بتايا گيا ہے کہ دہشتگرد گروہ داعش کے اراکين نے بعقوبہ کے مشرق ميں جلولا اور کلارکے درميان ايک پل کو دھماکے سے اڑا ديا ہے -
اسي کے ساتھ صوبہ الانبار کے آپريشن کمانڈر ، رشيد فليح نے بتايا ہے کہ القائم نامي شہر پر داعش کا قبضہ ہے ليکن اس کے اطراف کے علاقے عراقي فوج کے کنٹرول ميں آگئے ہيں –
ادھر صوبہ نينوا کے ايک سيکورٹي عہديدار نے بتايا ہے کہ موصل پر فوج اور عوامي رضاکاروں کے مشترکہ حملے کي تياري مکمل کرلي گئ ہے - اس رپورٹ کے مطابق موصل کو آزاد کرانے کے لئے عراقي فوج نے اسپيشل بريگيڈ تيار کيا ہے جس ميں ايک سو اسي فوجي افسران شامل ہيں –
ادھر فوج اور عوامي رضا کار فورس کے دستوں کے شہر موصل کے قريب پہنچنے کے بعد داعش کے اراکين ميں وحشت پھيل گئي ہے اور انہوں نے لوگوں کے گھروں ميں بم نصب کرنا شروع کرديئے ہيں –
اسي کے ساتھ الانبار کے ايک عہديدار کے مطابق اس صوبے ميں داعش کو سخت ہزيمت کا سامنا کرنا پڑا ہے اورفلوجہ کے ايک مضافاتي علاقے ميں فوج کے محاصرے ميں آنے کے بعد داعش کے دہشتگردوں نے عام شہريوں اور بچوں کو اپنے لئے انساني ڈھال بناليا ہے-
.......
/169